دبئی3مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب عبدالرزاق نے کہا ہے کہ وہ ملائیشیا کی سرزمین پر شمالی کوریائی لیڈر کے سوتیلے بھائی کیم جونگ نام کے قتل کے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرانے اور میت کی تشخیص کے بعد اسے شمالی کوریا کے حوالے کریں گے۔ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب عبدالرزاق نیان خیالات کا اظہار ’العربیہ‘ کے جنرل منیجر ترکی الدخیل کے پروگرام ’مع ترکی الدخیل‘ میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں نجیب عبدالرزاق نے کہا کہ انہوں نے مقتول کیم جونگ نام کی میت کے تمام ڈی این اے ٹیسٹ لینے اور یقین دہانی کرنے کے بعد ہی میت ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کیم جونگ نام کو انتہائی مہلک کیمیائی زہر سے ہلاک کیا گیا ہے۔ نام کے قتل کے لیے استعمال ہونے والا کیمیائی مواد وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحہ میں شامل ہے۔ تمام ضروری تحقیقات اور کیم جونگ نام کے ڈی این اے مکمل کرنے کے بعد اسے شمالی کوریا کے حوالے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقتول کی میت ورثاء4 کے حوالے کی جائے گی مگر اس سے قبل یہ تعین کرنا ہوگا کہ قتل کا جرم ملائیشیا کی سرزمین پرہواہے۔خیال رہے کہ شمالی کوریائی لیڈر کے سوتیلے بھائی کیم جونگ نام کو چند روز قبل ملائیشیا کے دارالحکومت کولالمپور کے ہوائی اڈے پر ’وی ایکس‘ نامی انتہائی مہلک گیس کے حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ یہ گیس نام کے منہ پر پھینکی گئی تھی۔ پولیس نے نام کے قتل کے شبے میں دوخواتین کو حراست میں لیا ہے۔ کیم جونگ نام خود بھی ٹارگٹ کلنگ کارروائیوں میں بدنام رہا ہے۔